عرفات: شیرون کی دھمکی مسترد | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
فلسطینی رہنما یاسر عرفات نے اسرائیلی وزیرِاعظم شیرون کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ رملہ میں واقع اپنے ہیڈ کوارٹر سے باہر جمع ہونے والے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا ہے کہ اسرائیل ان سے اس طرح نجات نہیں حاصل کر سکتا ہے۔ انھوں نے اپنے شاعرانہ انداز میں کہا کہ ’ہوائیں کبھی چٹانوں کو نہیں ہلا سکتی ہیں‘۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’ہم اللہ کی راہ میں شہید ہونے کے منتظر ہیں۔ میں نے شیرون اور اس کے حامیوں سے کہہ دیا ہے کہ اب کوئی بھی طاقت ہمارا رخ نہیں موڑ سکتی ہے‘۔ فلسطینی وزیرِاعظم احمد قریع نے کہا ہے کہ اگر یاسرعرفات کو قتل کیا گیا تو خطے میں جاری امن کی کوششوں پر پانی پھر جائے گا۔ سنیچر کے روز پرتشدد واقعات کے نتیجے میں اسرائیل نے تین فلسطینیوں کو ہلاک کیا ہے۔ اسرائیل کے بقول غربِ اردن میں واقع جنین میں ایک دہشت گرد گروہ کو ہلاک کیا گیا ہے جو اسرائیل میں خودکش حملے کی تیاری کر رہا تھا۔ اس گروہ کو اس وقت ہلاک کیا گیا جب فوج انھیں حراست میں لینے کی کوشش کر رہی تھی۔ ہلاک ہونے والوں کا تعلق الا اعقصیٰ سے بتایا جاتا ہے۔ جمعہ کو اسرائیلی وزیراعظم ایرئیل شیرون نے امریکی صدر جارج بش کو بھی آگاہ کیا تھا کہ وہ تین سال قبل کیے گئے اس وعدے کے مزید پابند نہیں رہے ہیں جس میں انھوں نے امریکی صدر کو اس بات کی یقین دہانی کرائی تھی کہ یاسر عرفات کو کسی قسم کا جسمانی نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔ وزیرِ خارجہ کولن پاول کا کہنا ہے کہ صدر بش یاسر عرفات کو کسی قسم کے نقصان پہنچانے کے سخت خلاف ہیں۔ انھوں نے اسرائیلی وزیراعظم شیرون کے بیان پر سخت ردِعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کو یقین ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم شیرون ان سے تین سال قبل کیے گئے وعدے کی پاسداری کریں گے اور یاسر عرفات کو کسی قسم کا جسمانی نقصان پہچانے سے باز رہیں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||