| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق: تشدد میں ستّر ہلاک
شمالی عراق کے شہر اربیل میں کم سے کم پچاس اور بغداد کے جنوب میں بیس افراد تشدد کے نتیجہ میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ شمالی عراق کے شہر اربیل میں کردستان ڈیموکریٹک پارٹی (کے ڈی پی) کے دفتر پر خودکش حملہ کیا گیا ہے جس میں پچاس سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ عراق میں تعینات پولینڈ کی فوج کا کہنا ہے کہ بغداد کے جنوب میں ایک اسلحہ ڈپو میں دھماکہ ہونے کے نتیجے میں بیس عراقی ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس سے قبل شمالی عراق میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد کے ڈی پی کے ایک عہدیدار نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا ہے کہ عیدالاضحٰی کے موقع پر پارٹی کے سینکڑوں ارکان دفتر میں موجود تھے۔ اطلاعات کے مطابق اجلاس کے دوران ایک خودکش حملہ آور نے جسم سے بندھے ہوئے بموں سے دھماکے کیے۔ ایک اطلاع میں کہا گیا ہے کہ ایک مخالف کرد پارٹی پیٹریوٹک یونین کے مرکزی دفتر میں بھی بم دھماکہ ہوا ہے جس سے عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔ گزشتہ روز عراق میں بم حملوں میں اٹھارہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||