| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق:چھ امریکی فوجی ہلاک
عراق میں منگل کے روز چھ امریکی فوجیوں سمیت دس افراد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے لئے کام کرنے والے دو افراد اور دو عراقی شہری شامل ہیں۔ تین امریکی فوجی اور عراقی شہری خالدیہ کے مقام پر ایک امریکی فوجی کارواں پر بم حملے کے نتیجے میں ہلاک ہوئے۔ بغداد کے جنوب میں اسکندریہ کے مقام پر تین امریکی فوجی ایک اور بم کا نشانہ بنے۔ سی این این کے لئے کام کرنے والے مترجم پروڈیوسر عیسیٰ محمد اور ڈرائیور یاسر خطاب کو ایک گاڑی سے گولی مار کر ہلاک کیا گیا۔ سی این این کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ دونوں اہلکار کو ایک گاڑی میں سوار افراد نے پیچھے سے آ کر ہلاک کیا۔ خالدیہ کے گرد و نواح میں قابض افواج پر مسلسل حملے ہو رہے ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق خالدیہ میں دو بم دھماکے ہوئے۔ ایک سے حملہ کیا گیا اور دوسرا اس وقت استعمال ہوا جب امداد وہاں پہنچی۔ ہسپتال کے عملے نے ہلاک ہونے والے عراقی شہریوں کے بارے میں بتایا کہ ان میں سے ایک محکمہ زراعت کا منتظم تھا اور دوسرا ایک ٹیکسی ڈرائیور۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||