| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
سکارف کے بعد داڑھی اور رومال کی باری
فرانس کے وزیر تعلیم نے کہا ہے کہ سکولوں میں سر ڈھانپنے کے خلاف مجوزہ قانون میں توسیع کرکے داڑھی اور رومال پر بھی پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکام کو محسوس ہوا کہ رومال اور داڑھی بھی مذہبی علامات ظاہر کرتے ہیں تو پھر ان پر بھی پابندی عائد کردی جائے گی۔ وزیر تعلیم لک فیری نے کہا کہ سکھ افراد اس قانوں کے باوجود بھی اپنی روایتی پگڑی پہن سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مجوزہ قانون کے مسودے میں ’مذہبی‘ علامات کی تعریف بہت وسیع ہے اور اس کا مطلب محض سکارف یا کوئی اور چیز نہیں ہے بلکہ اس میں ہر وہ چیز شامل ہوسکتی ہے جو طلباء اپنے طور پر اپنے مذہب کے لئے استعمال کریں جیسا کہ رومال اور داڑھی وغیرہ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد یہ ہے کہ طلباء کسی بھی صورت میں قانون کی خلاف ورزی نہ کرسکیں۔ حکام نے پہلے کہا تھا کہ کہ سر ڈھانپنے کی مسلمانوں کی روایت فرانس کی سیکولر روایات کے لئے خطرہ بنتی جارہی ہے۔ فرانس کے سماجی گروہوں نے اس حالیہ تجویز کو غیر واضح غلط فہمی پیدا کرنے کی بنیاد قرار دیا ہے۔ اس مجوزہ قانون پر حکام کے مابین تنازعات نے بھی جنم لیا ہے اور کئی اعلیٰ حکومتی اہلکار اس سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات کے خلاف ہیں۔ چند روز قبل پیرس اور یورپ کے دیگر شہروں میں میں اس قانون کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے تھے جن میں ہزاروں افراد نے حصہ لیا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||