| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایل او سی بس سروس
کشمیر بس سروس بحال کرنے کے لئے پاکستان نے بھارت سے مذاکرات کی دو تاریخیں تجویز کی ہیں۔ مذاکرات میں لائن آف کنٹرول کے ذریعے سری نگر اور مظفر آباد کے درمیان بس سروس اور کھوکراپر اور مناباؤ کے درمیان ٹرین سروس شروع کرنے پر غور کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں دفتر خارجہ کے ترجمان مسعود خان نے کہا ہے کہ دہلی کو جو تجویز بھیجی گئی ہے اس کے مطابق آٹھ اور نو مارچ کو دو روزہ مذاکرات کے ذریعے ریل سروس کی بحالی اور انتیس اور تیس مارچ کو کشمیر میں بس سروس کے آغاز کے امکان پر بات چیت ہوسکتی ہے۔ مسعود خان کا کہنا ہے کہ یہ مذاکرات محض تکنیکی نوعیت کے ہوں گے اور حتمی فیصلہ ماہرین کے مثبت جواب کی صورت میں بعد کےمراحل میں کیا جائے گا۔ پاکستان نے اس سے قبل یہ روایتی ریل اور بس سروس شروع کرنے سے متعلق مذاکرات کی بھارتی تجاویز قبول کرلی تھیں۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد سے سرینگر جانے والی سڑک کا نام آج بھی راولپنڈی سرینگر شاہراہ ہے حالانکہ گزشتہ پچاس سال سے یہاں سے کوئی بھی سرینگر نہیں گیا۔ ابتدائی طور پر لائن آف کنٹرول کے ذریعے بس سروس شروع کرنے کے بارے میں پاکستان کے کچھ تحفظات تھے۔ تاہم ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ بس سروس کشمیر سے متعلق پاکستان کے موقف پر اثر انداز نہیں ہوگی۔ دریں اثناء مظفر آباد میں درجنوں افراد نے ہمالیہ کی دو تقسیم شدہ ریاستوں کے درمیان بس سروس کے حق میں مظاہرے کئے۔ یہ مظاہرے کشمیر کی آزادی کی حامی تنظیموں نے کروائے تھے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||