| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
جان کیری ریس میں سب سے آگے
سنیٹر جان کیری امریکی صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹ امیدوار کے چناؤ کے لئے منعقدہ رائے شماری میں سب سے آگے رہے۔ آئیوا میں ہونے والی رائے شماری میں سنیٹر جان ایڈورڈز نے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ اب تک سب سے فیورٹ سمجھے جانے والے ہاورڈ ڈین تیسرے نمبر پر رہے۔ امریکی کانگریس کے رکن ڈک گیفارٹ نے رائے شماری میں چوتھی پوزیشن حاصل کی اور اس کے نتیجے میں وہ انتخابی مہم سے باہر ہو گئے۔ آئیوا سے تعلق رکھنے والے ہزاروں ڈیموکریٹ ارکان نے رائے شماری میں حصہ لیا جو پبلک ہالوں، سکولوں اور گھروں پر ہوئی۔ میساچیوسٹس سے تعلق رکھنے والے سنیٹر جان کیری نے اڑتیس فیصد ووٹ حاصل کئے جبکہ بتیس فیصد ارکان نے شمالی کیرولینا سے منتخب ہونے والے سنیٹر جان ایڈورڈز کے حق میں ووٹ دیا۔ورمونٹ کے سابق گورنر ہاورڈ ڈین کو صرف اٹھارہ فیصد ووٹ ملے۔ آئیوا کے دارالحکومت دے موائن میں بی بی سی کے نامہ نگار راب واٹسن کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ بات یقینی نہیں ہے کہ امریکی صدارتی انتخابات میں مسٹر کیری کو ہی ڈیموکریٹک امیدوار کے طور پر منتخب کیا جائے گا لیکن آئیوا میں اچھا نتیجہ ان کی صدارتی مہم کے لئے فنڈز اور دیگر ریاستوں میں بھی کامیابی کا باعث بن سکتا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||