| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
الاخوان المسلمون کے رہنما کا انتقال
مصر کی کالعدم سخت گیر جماعت الاخوان المسلمین کے سربراہ مامون الحدیبیٰ کا قاہرہ میں انتقال ہو گیا ہے۔ ان کی عمر پچاسی سال تھی۔ مامون الحدیبی کو نومبر دو ہزار دو میں مصطفٰی مشہور کے انتقال کے بعد تنظیم کا سربراہ چنا گیا تھا۔ ان سے قبل مصطفٰی مشہور الاخوان المسلمین کے سربراہ تھے۔ انہوں نے اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے تنظیم کی سربراہی کے فرائض سنبھالے۔ ان کے والد بھی انیس سو اننچاس میں جماعت کے بانی حسن البانا کی وفات کے بعد الاخوان المسلمون کے سر براہ مقرر ہوئے تھے۔ الاخوان المسلمون عرب دنیا میں سب سے پرانی اسلامی تنظیم ہے۔ اس کا موقف ہے کہ ایک اسلامی ریاست میں اسلامی قوانین کا اطلاق ہونا چاہئے۔ سن دو ہزار میں اس تنظیم کے کارکنوں نے پارلیمانی انتخابات میں سولہ نشستیں جیتی تھیں اور اس طرح مصر میں یہ حزب مخالف کی سب سے بڑی جماعت بن گئی۔ سن انیس سو چون میں الاخوان المسلمون کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد سے اس کے اراکین بطور آزاد امیدوار اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مامون الحدیبی کی نماز جنازہ آج قاہرہ میں جمعہ کی نماز کے بعد ادا کی جائے گی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||