| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
ریاض جانے والی پرواز منسوخ
حکومت برطانیہ نے برٹش ایئر ویز کو ہدایت کی ہے کہ ہفتے کے روز سعودی عرب جانے والی معمول کی پرواز کو روک لے کیونکہ اسے ٹھوس اطلاعات ملی ہیں کہ اس پرواز کو خطرہ لاحق ہے۔ برٹش ایئر ویز کی پرواز بی اے دو سو تریسٹھ کو ہفتے کے روز دن ڈیڑھ بجے لندن سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے لئے روانہ ہونا تھا۔ اس سے قبل جمعہ کے روز برٹش ائیرویز کی واشنگٹن کے لئے معمول کی تین پروازوں میں سے ایک بی اے دو سو تئیس کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔ بدھ کے روز برٹش ائیرویز کی اسی پرواز کو واشنگٹن کے ڈلاس کے ہوائی اڈے پر اتار کر مسافروں سے پوچھ کچھ کی گئی تھی۔ حکومت برطانیہ نے بتایا تھا کہ اس کو امریکہ نے دہشت گردی کے بارے میں ٹھوس شہادت مہیا کی تھی۔ بی بی سی کے سلامتی کے امور کے نامہ نگار فرینک گارڈنر کے مطابق ریاض جانے والی برٹش ائیرویز کی پرواز کو اس لئے منسوخ کر دیا گیا کیونکہ امریکی حکام کی نظروں میں ایک مشکوک شخص دونوں دن اس پرواز پر سوار ہونے کی کوشش کرتارہا۔ امریکی حکام کے خیال میں وہ مشتبہ دہشت گرد اس پرواز کو ہائی جیک کر کے واشنگٹن میں ایک ہدف کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ادھر فرانسیسی پولیس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ کرسمس سے پہلے پیرس اور لاس اینجلس کے درمیان جو چھ پروازیں منسوخ کی گئی تھیں ان کی وجہ دہشت گردی نہیں تھی بلکہ مسافروں کی غلط شناخت تھی کیونکہ چھ مسافروں کے نام ان مشتبہ دہشت گردوں سے ملتے جلتے تھے جن کی فہرست ایف بی آئی نے فراہم کی تھی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||