| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی ہیلی کاپٹر تباہ: فوجی ہلاک
عراق کے دارالحکومت بغداد کے مغرب میں واقع شہر فالوجہ میں امریکی ہیلی کاپٹر تباہ ہونے سے ایک امریکی فوجی ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ امریکی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس واقع کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ بعض اطلاعات کے مطابق بعض شاہدوں نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو مار گرایا گیا ہے۔ تاہم اس بات کی تصدق نہیں ہو سکی۔ گزشتہ برس نومبر میں باغیوں نے تین امریکی ہیلی کاپٹر مار گرائے تھے جن میں انتالیس امریکی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ بغداد میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ حالیہ مہینوں میں اتحادی فوجیوں نے ایسا بہت سا اسلحہ پکڑا ہے جس سے جہازوں کو نشانہ بنایا جا سکتا تھا۔ اس اسلحے میں راکٹوں کے ذریعے داغے جانے والے بموں کے علاوہ زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل بھی شامل ہیں۔ نامہ نگار کرس ہوگ نے بتایا ہے کہ جمعہ کو تباہ ہونے والا ہیلی کاپٹر نگراں پروازوں کے لئے استعمال ہونے والے ہیلی کاپٹروں جیسا ہی ہے۔ اس ہیلی کاپٹر کا عملہ عموماً دو افراد پر مشتمل ہوتا ہے۔ یہ ہیلی کاپٹر فالوجہ میں ہائی وے پر گر کر تباہ ہوا۔ ایک عراقی سپاہی کا کہنا ہے کہ اس نے ہیلی کاپٹر سے ایک میزائل ٹکراتے دیکھا جس سے ہیلی کاپٹر کے دو ٹکڑے ہوگئے اور انہیں آگ لگ گئی۔ فالوجہ میں امریکی فوج کو سخت مزاحمت کا سامنا ہے۔ دو ماہ قبل یہاں شنوک ہیلی کاپٹر کو تباہ کیا گیا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||