| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
بام زلزلہ: ملبے سے زندہ برآمد
ایران کے شہر بام میں جمعہ کے روز آنے والے زلزلے کے ملبے میں دبے ہوئے ایک شخص کو بچا لیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یداللہ صداقت جن کی عمر چھبیس سال ہے، چھ دن سے کپڑوں کی الماری کے نیچے دبے ہوئے تھے اور شاید اسی الماری کے باعث ان کی جان بچ گئی۔ خیال ہے کہ پچاس ہزار افراد اس زلزلے کے باعث ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ایک لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اب تک بعض جگہوں پر لوگوں کو ملبے سے زندہ نکالا گیا ہے۔ ان واقعات سے ان ماہرین کے تخمینوں کی بھی نفی ہوئی ہے جن کا کہنا تھا کہ ملبے سے کوئی زندہ نہیں بچے گا۔ تاہم کچھ اور اطلاعات کے مطابق لوگوں کے ملبے سے زندہ بچ جانے کی خبریں پوری طرح درست نہیں ہیں اور شاید لوگوں میں امید پیدا کرنے کے لئے ایسا کہا جا رہا ہے۔ یداللہ صداقت کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ وہ اپنی اہلیہ کی کوششوں سے بچ گئے جو خود بھی زلزلے کے باعث بے ہوش ہو گئی تھیں۔ تاہم ہسپتال پہنچنے کے بعد جب انہیں طبی امداد دے کر گھر بھیجا گیا تو انہوں نے اپنے گھر کے ملبے کو ہٹانا شروع کر دیا اور اپنے شوہر کو زندہ نکال لیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ملبے سے منگل کے روز پانچ افراد کو زندہ نکالا گیا جبکہ گیارہ افرد کو بدھ کے روز ملبے سے زندہ نکال لیا گیا۔ اس طرح کی بھی اطلاعات ہیں کہ زلزلے کے بعد ایران کے اس آفت زدہ شہر میں ایک شادی بھی ہوئی ہے۔ یہ شادی اس روز ہونی تھی جس روز زلزلہ آیا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||