| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
محافظوں کے بغیر پروازوں پر پابندی
امریکی حکام نے فضائی محافظوں کے بغیر امریکہ کی فٰضائی حدود میں داخل ہونے والی تمام پروازوں پر پابندی عائد کرنے کے اختیارات حاصل کر لیے ہیں۔ ان اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے امریکہ کی داخلی سلامتی کے وزیر ٹام رجز نے کہا کہ اگر کسی بھی فضائی کمپنی نے ان احکامات کی خلاف ورزی کی تو اس کے طیاروں کے امریکہ کی فضائی حدود میں داخلے پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت خفیہ اداروں کی رپورٹس کی بنیاد پر فضائی محافظوں کی تعیناتی کے احکامات جاری کرئے گی۔ ان احکامات کا اطلاق مسافر بردار اور سامان بردار جہازوں پر یکساں طور پر کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ ان خدشات کی بناء پر کیا گیا ہے کہ دہشت گرد، امریکی شہروں پر حملوں کے لیے مسافر ہوائی جہازوں کو استعمال کرسکتے ہیں۔ واشنگٹن سے بی بی سی کے نامہ نگار جون لائن کے مطابق نئے ضابطوں کے بعد امریکی حکام اپنی فضائی حدود میں داخل ہونے والے ہر جہاز سے فضائی پولیس کی لازمی موجودگی کا مطالبہ کرسکتے ہیں۔ امریکی داخلی سلامتی کے محکمے کے مطابق امریکہ آنے والی ہر پرواز کا الگ الگ جائزہ لیا جائے گا اور انٹیلی جنس اطلاعات کی روشنی میں کسی بھی پرواز پر فضائی پولیس کی موجودگی کا مطالبہ کیا جا سکے گا۔ برطانوی اور آسٹریلوی حکومتیں پہلے ہی پروازوں پر فضائی پولیس تعینات کرنے کا اعلان کرچکی ہیں۔ تاہم برطانوی پائلٹوں کی نمائندہ یونین نے عام مسافروں کی پروازوں پر مسلح گارڈ سوار کرنے کے حکومتی اقدام کی مخالفت کر دی ہے۔ یاد رہے کہ کرسمس سے ذرا قبل ائیرفرانس کی امریکی شہر لاس اینجلس جانے والی کئی پروازوں کو ان خدشات کی بناء پر منسوخ کردیا گیا تھا کہ ان پروازوں کو اغواء کیا جا سکتا ہے اور ممکنہ طور پر لاس ویگاس میں اہداف پر ٹکرایا جاسکتا ہے۔ آسٹریلیا اور سنگار پور کے درمیان پروازوں پر مسلح گارڈ متعین کرنے کا معاہدہ آسٹریلیا کی حکومت اور فضائی کمپنیوں قنتاس اور سنگار پور ائیر لائز کے درمیان بات چیت کے بعد کیا گیا تھا۔ برطانیہ کے مسلح گارڈز، سنگارپور اور آسٹریلیا کے اپنے ہم منصبوں کی طرح، عام مسافروں والا لباس پہن کر جہاز پر بیٹھا کریں گے۔ تاہم پائلٹ کو یہ بات معلوم ہوگی کہ اس کے جہاز میں فضائی پولیس بیٹھے ہوئے ہیں۔ اگرچہ برطانیہ میں پائلٹوں کی یونین جہاز میں اسلحہ لے جانے کے خیال سے ناخوش ہے خواہ یہ اسلحہ فضائی پولیس ہی کے پاس کیوں نہ ہو، لیکن آسٹریلیا کے مسلح گارڈز قنتاس ایئرلائنز کی پروازوں پر اسلحے کے موجود ہوتے ہیں اور یہ گزشتہ دو برس سے ہو رہا ہے۔ اب آسٹریلوی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ملک سے امریکہ، برطانیہ یا جنوب مشرقی ایشیا جانے والی پروازوں کو محفوظ بنانے کے لئے جہازوں پر مسلح گارڈز متعین کرنا چاہتی ہے۔ اس تناظر میں سنگا پور جانے والی پروازوں پر مسلح گارڈ بٹھانے کو ترجیح دی جا رہی ہے کہ سنگا پور اسلامی شدت پسند گروپ جماعۃِ الاسلامیہ کا ہدفِ خاص سمجھا جا رہا ہے۔ کئی ممالک اس خیال سے متفق ہیں کہ آسمان کی وسعتوں میں محوِ پرواز جہازوں پر فضائی پولیس کے ہونے سے جماعۃِ الاسلامیہ اور القاعدہ جیسے گروپوں کی کارروائیاں رُک سکتی ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||