| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
کربلا:چھ فوجی، سات شہری ہلاک
عراق کے شہر کربلا میں ہفتہ کے روز غیر ملکی فوجی تنصیبات اور سرکاری عمارات پر حملے کئے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ان حملوں میں چھ غیر ملکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ کربلا میں ہونے والے حملوں میں سات عراقی ہلاک اور سینتیس زخمی ہوئے۔ تھائی حکام کا کہنا ہے کہ کہ ہلاک ہونے والوں میں ان کی دو فوجی بھی شامل ہیں جبکہ ہلاک ہونے والے باقی چار فوجی بلغارین بتائے جاتے ہیں۔ کربلا کا علاقہ پولینڈ کے زیر قیادت کثیر الملکی فوج کے کنٹرول میں ہے۔ اطلاعات یہ بھی ہیں کہ کربلا کے گورنر اکرم الیاسری ایک سو تیس عراقی ان حملوں میں زخمی ہوئے ہیں۔ ایک امریکی فوجی ترجمان کے مطابق شہر میں امریکی فوج کے زیر استعمال دو تنصیبات پر کار بم، مشین گنوں اور دستی بموں سے حملے کئے گئے ہیں۔ عربی ٹیلیویژن چینل الجزیرہ کے مطابق ایک حملے میں کئی عراقی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ اس سے قبل کربلا میں دو دھماکوں کی اطلاعات تھیں۔ بتایا گیا تھا کہ ایک دھماکہ ایک یونیورسٹی کی عمارت میں کیا گیا جس میں امریکی اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا تھا جبکہ دوسرا دھماکہ ایک سرکاری عمارت میں ہوا ہے۔ ایک امریکی فوجی ترجمان میجر رالف مانس نے کہا ہے کہ ابھی اصل صورتحال جانچنے کے لئے تحقیقات کی جارہی ہیں اور فی الوقت یقینی طور پر کچھ کہنا ممکن نہیں ہے۔ اس سے قبل عراق کے شمالی شہر موصل میں امریکی فوجیوں کی فائرنگ سے چار عراقی ہلاک ہوگئے تھے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||