| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
غزہ میں آٹھ فلسطینی ہلاک
اسرائیلی فوج نے غزہ میں مصری سرحد کے قریب فلسطینی پناہ گزین کیمپ رفاہ پر حملہ کرکے آٹھ فلسطینیوں کو ہلاک کردیا ہے۔ تاہم چند اطلاعات میں فلسطینی ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد دس ہے۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے منگل کے روز غزہ کے علاقے میں ٹینکوں سے فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر حملہ کردیا جس کے بعد فریقین میں شدید جھڑپ شروع ہوگئی۔ فلسطینی عینی شاہدین کے مطابق تقریباً چالیس اسرائیلی ٹینک علاقے میں داخل ہوئے اور کئی پناہ گزین کیمپوں کے اندر گھس گئے۔ فلسطینیوں کی جانب سے جوابی فائرنگ کی گئی۔ اسرائیلی فوجی ذرائع کے مطابق یہ حملہ اسرائیل کی جنگی مہم کا حصہ ہے جس کے تحت وہ مبینہ طور پر مصر سے یہاں سمگل کئے جانے والے ہتھیاروں کے راستے کو بند کرنا چاہتے ہیں۔ اس سے قبل غزہ کے وسطی علاقے میں ایک جھڑپ میں ایک فلسطینی سکیورٹی گارڈ اور دو اسرائیلی ہلاک ہو گئے تھے۔ پیر کے روز مصر کے وزیر خارجہ مسجد اقصیٰ کے دورے کے دوران اس وقت زخمی ہوگئے تھے جب ان پر وہاں موجود افراد نے حملہ کر دیا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فلسطینی عرب ممالک کی جانب سے اپنے لئے ناکافی حمایت پر برہم ہیں۔ مصر کے وزیر خارجہ کے اسرائیل کے دورے کا بنیادی مقصد اسرائیل اور فلسطین کے مابین مذاکرات کے عمل کو بحال کرنے کی کوشش تھا۔ پیر کے روز انہوں نے اپنا زیادہ وقت اسرائیلی حکام کے ساتھ گزارا اور ان کا مسجد اقصیٰ کا دورہ واحد موقع تھا جب ان کا فلسطینیوں سے سامنا ہوا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||