| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
مولانا شاہ احمد نورانی انتقال کر گئے
متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا شاہ احمد نورانی جمعرات کے روز اسلام آباد میں انتقال کر گئےـ انکی عمر 78 برس تھی۔ مولانا نورانی کے قریبی ساتھی حاجی حنیف طیب نے بتایا کہ مولانا نورانی جمعرات کو بارہ بجے بلائی گئی پریس کانفرنس کی تیاری کررہے تھے کہ انہیں دل کا دورہ پڑا اور وہ گر گئے۔ مولانا نورانی کو ابتدائی طبی امداد دینے والے شعبۂ امراضِ قلب کے ڈاکٹر شہباز نے بتایا کہ ان پر شدید دورہ پڑا انکو مصنوعی سانس دے کر بچانے کی کوشش بھی کی گئی لیکن وہ نہ سنبھل سکے اور خالق حقیقی سے جاملےـ مولانا نورانی کا 1986ء میں بائی پاس ہوا تھا اور وہ دل کے مریض تھے ـاطلاع ملتے ہی مولانا نورانی کے ساتھی جن میں پروفیسر غفور، حاجی حنیف طیب ہسپتال پہنچے جبکہ وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر نصیر خان بھی ہسپتال پہنچ گئےـ وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ انکو ڈاکٹروں نے جو معلومات دی ہے اسکے مطابق وہ ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گئے تھےـ سینٹر پروفیسر غفور نے کہا کہ مولانا نورانی تحمل مزاج اور سینٹر سیاستدان تھےـ مختلف مذہبی مکتبہ فکر کی جماعتوں کو متحد کرنے میں انکا بڑا کردار تھا۔ وہ حافظ قرآن تھے ہر سال رمضان المبارک کے مہینے میں کراچی میں تراویح بھی پڑھاتے تھے۔ حاجی حنیف طیب نے بتایا کہ 1948ء میں علامہ احمد سعید کاظمی نے جمعیت علماء پاکستان کے نام سے جماعت بنائی اور 1970ء میں مولانا نورانی نے جب پہلی بار الیکشن میں حصہ لیا تو جمیعت میں شامل ہوئے اس وقت جمیعت کے سربراہ خواجہ قمرالدین سیالوی صدر تھےـ 1972ء میں مولانا نورانی جمیعت علماء پاکستان کے سربراہ بنے اور تادم مرگ وہ سربراہ رہےـ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||