| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
اٹلی میں گرفتاریاں
اٹلی میں حکام نے ایک عورت سمیت پانچ افراد کے گرفتاری کے وارنٹ جاری کئے گئے ہیں۔ ان افراد پر عراق میں کئے گئے خودکش بم حملوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ حکام کا خیال ہے کہ ان افراد نے مبینہ طور پر شمالی افریقہ کے اسلامی شدت پسندوں کو خودکش حملوں کے لئے استعمال کیا ہے۔ حکام کے مطابق پانچ افراد میں سے چند کو اطالوی شہر میلان سے گرفتار کیا گیا ہے تاہم ابھی ان کی تعداد واضح نہیں ہے۔ مطلوبہ افراد میں سے ایک کا تعلق الجزائر سے ہے۔ معجوب عبدالرزاق نامی اس شخص کو القاعدہ سے تعلقات کے شبہہ میں اس سال کے آغاز پر جرمنی میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم ناکافی شواہد کے باعث انہیں رہا کردیا گیا تھا۔ ابھی یہ نہیں معلوم ہوا ہےکہ آیا عبدالرزاق گرفتار شدگان میں شامل ہیں یا نہیں۔ دریں اثناء برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے مغربی برطانیہ میں واقع ایک گھر سے اسلحہ برآمد کیاہے۔ جمعرات کے روز اسی گھر سے ایک شخص کو القاعدہ تنظیم کے ساتھ تعلقات کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ چوبیس سالہ پاکستانی نژاد برطانوی شخص کو انسداد دہشتگردی کے قانون کے تحت گرفتار کیا گیا ہے اور وہ مرکزی لندن کے پولیس سٹیشن میں ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان کے گھر کی تلاشی کے دوران علاقے کے ایک سو انیس گھروں کو خالی کروایا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس شخص کے رچرڈ ریڈ کے ساتھ بھی ممکنہ تعلقات کے بارے میں پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ رچرڈ ریڈ کا تعلق برطانیہ سے ہے اور ان پر اپنے جوتے میں چھپے بم کے ذریعے ایک طیارے کو تباہ کرنے کی کوشش کا جرم عائد کیا گیا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||