| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق میں عرب ٹی وی پر پابندی
امریکہ کی نامزد کردہ عراقی عبوری کونسل نے ایک عرب ٹیلی ویژن چینل پر عراق میں امریکی فوج کے خلاف نفرت پیدا کرنے کے باعث پابندی عائد کر دی ہے۔ دبئی میں قائم العربیہ ٹی وی نے ان خبروں کی تصدیق کی کہ بغداد میں ان کے دفتر کو زبردستی بند کر دیا گیا ہے۔ عراقی عبوری کونسل کے موجودہ سربراہ نے کہا کہ العربیہ صدام حسین کی ٹیپ نشر کر کےلوگوں کو تشدد پر اکسا رہا ہے۔ اس ٹیلی ویژن نے نومبر کی چھ تاریخ کو صدام حسین کا ایک پیغام نشر کیا جس میں لوگوں کو امریکیوں کے خلاف مزاحمت کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔ اس پیغام میں امریکہ فوجوں کا ساتھ دینے والوں کو ان کتوں کے تشبہی دی گئی جو قافلے کے پیچھے پیچھے دوڑتے ہیں۔ عراقی کونسل کے موجودہ سربراہ جلال تلابی نے کہا کہ العربیہ پر کچھ عرصے کے لیے پابندی عائد کی جارہی ہے تاہم انہوں نے مدت کا تعین نہیں کیا۔ العربیہ نے ان الزامات کی تردید کی ہے اور کہا کہ وہ بغیر کسی تعصب کے خبروں کو نشر کرنے کی پالیسی پر کاربند ہیں۔ اس سال ستمبر میں عراق کی حکمران کونسل نے ایک قانوں کے ذریعے تشتدد کے پرچار پر پابندی عائد کی تھی۔ اس قانون کے تحت العربیہ اور الجزیرہ پر پابندی عائد کر دی تھی۔ ان دونوں ٹی وی چینلوں نے بھی صدام حسین کے پیغامات نشر کئے تھے۔ گزشتہ ہفتے امریکی وزیر دفاع ڈونلڈ رمز فیلڈ نے ان دونوں ٹی وی چینلوں کو اتحادی فوجوں کا سخت مخالف قرار دیا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||