| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
ترکی میں حملوں کے بعد گرفتاریاں
ترکی کے وزیرِ خارجہ عبداللہ گل نے کہا ہے کہ استنبول میں جمعرات کے روز کئے گئے حملوں کے سلسلے میں کچھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ تاہم انہوں نے ان گرفتاریوں کی مزید تفصیلات بیان کرنے سے گریز کیا۔ یہ بیان انہوں نے اپنے برطانوی ہم منصب جیک سٹرا کے ساتھ استنبول میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ دونوں رہنماؤں نے عہد کیا ہے کہ ترکی اور برطانیہ دہشتگردی کے آگے نہیں جھکیں گے۔ ترکی کے وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ ان حملوں سے دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں مزید تیزی آئے گی۔ جیک سٹرا نے ترکی کے لئے برطانوی حمایت کا اظہار کیا۔ دریں اثناء برطانیہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ترکی میں مزید دھماکے ہو سکتے ہیں۔ برطانوی وزیرِ خارجہ جیک سٹرا ہنگامی دورے پر استنبول پہنچے تھے جہاں دو بم حملوں میں برطانوی سفارت خانے کے قونصل جنرل سمیت ستائیس افراد ہلاک اور چار سو پچاس زخمی ہوئے۔ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے ترکی کے خود کش حملوں پر متفقہ طور پر مذمت کی ایک قرارداد منظور کی ہے جبکہ ترکی کے وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ برطانوی قونصل خانے اور بینک پر حملے کرنے والوں کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خود کش بمباروں نے جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کا تعلق القاعدہ تنظیم سے ہے، رمضان کے مبارک مہینے کو ’خون میں نہلا دیا ہے۔‘ برطانوی دفترِ خارجہ کی طرف سے برطانوی باشندوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ بڑے شہروں سے دور رہیں۔ پہلا دھماکہ برطانیہ کے بینک ایچ ایس بی سی کے صدر دفتر میں ہوا جب ایک گاڑی بینک کی عمارت میں پہنچ کر دھماکے سے تباہ ہوگئی۔ دوسرا دھماکہ چند منٹ بعد ہوا جب ایک ٹرک برطانوی قونصل خانے کے اندر گھسنے کے بعد تباہ ہوگیا۔ نامہ نگاروں کے مطابق زخمیوں کی تعداد اتنی زیادہ تھی کہ ہسپتال میں طبی امداد فراہم کرنے کے لئے جگہ نہ رہی۔ ہسپتالوں سے بار بار خون کی اپیل بھی کی جاتی رہی۔ جس وقت ترکی میں دھماکے ہوئے برطانیہ کے دورے پر آئے ہوئے امریکی صدر جارج بش گمنام سپاہی کی قبر پر پھول چڑھانے جا رہے تھے۔ بعد میں ایک اخباری کانفرس میں بش اور بلیئر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کا مقابلہ ہر قیمت پر کیا جائے گا۔ وزیرِ اعظم ٹونی بلیئر نے کہا کہ دہشت گرد معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ یہ لوگ انتہا پسند ہیں اور متعصب ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||