| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
مکی ماؤس جوان تر
امریکی ریاست فلوریڈا کے تفریحی مقام ڈزنی لینڈ میں مشہور زمانہ کارٹون مکی ماؤس کی پلاٹینم جوبلی یعنی پچھترہویں سالگرہ کی تقریبات کا آغاز منگل سے ہورہا ہے۔ اس موقع پر پچھترہویں سالگرہ کے حساب سے والٹ ڈزنی ورلڈ میں اس کارٹون کی چھ فٹ اونچی قوی الجّثہ مورتی بنائی جائے گی۔ ان تقریبات کے سلسلے میں امریکہ بھر میں مکی ماؤس کی تصاویر والے ڈاک کے کئی ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں اور اس کارٹون کی کلاسک کارٹون فلمیں دوبارہ ریلیز کی جارہی ہیں۔ مکی ماؤس کا یہ کارٹون نوجوان والٹ ڈزنی نے ریل کے ایک سفر کے دوران تخلیق کیا تھا اور اسے پہلی بار اٹھارہ نومبر انیس سو اٹھائیس کو اسٹیم بوٹ ویلی نیویارک میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا تھا۔ ڈزنی ورلڈ کی اس مورتی کے ڈیزائن مختلف شعبہ ہائے زندگی کی عظیم شخصیات نے بنائے ہیں جن میں جان ٹراوولٹا، سر ایلٹن جان اور ٹینس کے مایۂ ناز کھلاڑی آندرے اگاسی بھی شامل ہیں۔ برطانیہ میں بھی صف اوّل کے فیشن ڈیزائینر جن میں پال اسمتھ اور جولین میکڈونلڈ بھی شامل ہیں خیراتی امداد کے طور پر لندن کے بڑے اسٹورز کے لیے مکی ماؤس کے محدود ایڈیشن جاری کررہے ہیں۔ مکی کی یہ فقیدالمثال اور عظیم الشان کامیابی ہی تھی جس نے ڈزنی لینڈ کو اربوں ڈالر مالیت کی تفریحی صنعت میں تبدیل کردیا اور جو اب تفریحی مقامات، تھیم پارکس، فلمیں، ٹیلی ویژن پروگرام اور دیگر کئی مصنوعات تیار کرتی ہے۔ مکی کا یہ کارٹون ایک سو چالیس سے زائد فلموں میں پیش کیا گیا کہانیوں کی کتابوں میں شامل رہا اور گھڑیوں اور کھلونوں سے لیکر پاجاموں تک انواع اقسام کی مصنوعات میں استعمال ہوا۔ اگلے برس یہ کارٹون اپنی ڈیجیٹل عمر میں داخل ہوجائے گا جب کمپیوٹر کے ذریعے بنائی گئی شبیہات پر مبنی فلم تیار ہوگی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||