| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکہ: اسقاطِ حمل پر جزوی پابندی
صدر بش کےامریکہ میں اسقاطِ حمل پر جزوی پابندی کے نئے قانون پر دستخط کے بعد بڑے پیمانے پر اس اقدام کی مخالفت کی جارہی ہے۔ اس کے مخالفین نے اس جزوی پابندی کو قانونی طور پر چیلنج کیا ہے۔ نئے قانون کے مطابق، جوکہ تیس سال سے اسقاطِ حمل کے رائج قانون کو محدود کرتا ہے، خواتین کو پابند کردیا گیا ہے کہ وہ حمل کے آخری دنوں میں ایک خاص طریقہ کار کے ذریعے اسقاطِ حمل نہیں کروا سکتیں۔ اس طریقہ کار کے تحت پیدائش سے قبل جنین یعنی نشوونما کے آخری مراحل میں بچے کو مارنے سے قبل اس کا سر ماں کے جسم سے باہر نکال دیا جاتا ہے۔ اس قانون کی خلاف ورزی کرنے کی صورت میں ڈاکٹر کو دو سال جیل کی سزا بھگتنی پڑے گی۔ اس طریقہ کار پر پابندی کو امریکی قدامت پسندوں کی بڑی فتح تصور کیا جارہا ہے اور صدر بش کے لئے، جن کا انحصار اِنہیں افراد کے ووٹ پر ہے، اس قانون پر دستخط کرنا کسی جشن منانے سے کم نہیں۔ اس قانون پر دستخط ہوتے ہی امریکی ریاست نبراسکا کے ایک جج نے اس کے خلاف حکمِ امتناعی جاری کردیا کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ یہ اقدام غیر آئینی ہو سکتا ہے۔ امریکہ کے ایک ڈسٹرکٹ جج رچرڈ کوف کا کہنا ہے کہ یہ قانون آ ئین کے خلاف ہے کیونکہ اس میں ماں کی صحت کی حفاظت کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ اسقاطِ حمل کے ایک حامی گروہ نے کیلیفورنیا کی عدالت سے درخواست کی ہے کہ اس پابندی کو فوری طور پر ختم کیا جائے جبکہ نیویارک میں بھی حالات کم و بیش یہی ہیں۔ اسقاطِ حمل کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اس قانون کے مسودے میں جوزبان استعمال کی گئی ہے وہ نامناسب ہے اور اس سے بہت سے ایسے طریقہ کار بھی لاقانونیت کے زمرے میں آجائیں گے جو محفوظ اور عام ہیں۔ امریکی صدر کا کہنا ہے کہ برسوں سے ان بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے جو اپنی پیدائش سے محض کچھ وقت دور ہوتے ہیں اور اسقاطِ حمل کا سابق قانون بھی اس تشدد کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا ’ آخر کار اب امریکی عوام اور امریکی حکومت نے اس صورتحال کا سامنا کرتے ہوئے معصوم بچوں کا دفاع کیا ہے‘۔ امریکہ میں سن انیس سو تہتر میں اسقاطِ حمل کے قانون کی منظوری کے بعد سے اب تک اس قانون میں اتنی بڑی تبدیلی متعارف نہیں کروائی گئی۔ نئے قانون کے مخالفین کو خدشہ ہے کہ یہ اسقاطِ حمل پر مکمل پابندی کی جانب پہلا قدم ہے جبکہ اس کے حامی کہتے ہیں کہ یہ قانون محض پیدائش کے آخری ایام میں اسقاطِ حمل پر لاگو ہوتا ہے۔ یہ قانون ایک ایسے وقت پر منظور کیا گیا ہے جب امریکہ میں اسقاطِ حمل کا رجحان کم ہورہا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||