| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
’کوریا کو جوہری امدادنہیں دی‘
صدر مشرف نے اس الزام کی تردید کی ہے کہ پاکستان نے جوہری پروگرام کو ترقی دینے میں شمالی کوریا کو مدد فراہم کی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے شمالی کوریا کو تاکید کی کہ وہ جوہری ہتھیاروں کو ترقی دینے کے پروگرام کو ترک کر دے۔ اپنے جنوبی کوریا کے دورے کے دوران دیئے گئے ایک اخباری انٹرویو میں جنرل مشرف نے شمالی کوریا کو اس بات کی بھی تاکید کی کہ وہ اپنے جوہری پروگرام سے پیدا ہونے والے بحران کے سلسلے میں تحمل کا مظاہرہ کرے۔ جمعرات کے روز جنرل مشرف نے جنوبی کوریا کے صدر روح موہیون سے ملاقات کی ہے اور ان کے ساتھ شمالی کوریا کے جوہری پروگرام سے پیدا ہونے والے بحران پر بات چیت کی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان پر شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کو ترقی دینے میں مدد دینے سے متعلق الزامات گزشتہ سال امریکی اخبار نیویارک ٹائمز میں شائع ہونے والی ایک خبر کے بعد لگائے گئے تھے۔ نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان پر یہ الزامات ثابت ہو گئے تو ملک تین ارب ڈالر کی امریکی امداد سے محروم ہو جائے گا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||