| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
وفاقی وزیر مواصلات مستعفی
متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر مواصلات احمد علی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ پارٹی کی اعلیٰ کمان کے کہنے پر دیا ہے۔ بعض اخباری اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ وزیر مواصلات کے خلاف بےقاعدگیوں کی شکایات موصول ہونے کے بعد انہیں اپنے عہدے سے سبکدوشی پر مجبور کیا گیا۔ کئی روز تک متحدہ قومی موومنٹ ان کے استعفے کی خبر سے لاتعلقی کا اظہار کرتی رہی لیکن گزشتہ رات پارٹی کے مرکزی رہنما فاروق ستار نے استعفے کی اس خبر کی تصدیق کی۔ بی بی سی اردو سروس سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ وفاقی وزیرمواصلات احمد علی نے وزیر اعظم میر ظفراللہ جمالی کو اپنا استعفیٰ پیش کردیا ہے اور یہ جلد منظور ہو جائے گا۔ استعفے کی وجہ بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ احمد علی کا استعفیٰ اپارٹی کا معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر ذمہ داریاں دی جاتی ہیں اور ضرورت پڑنے پر واپس لے لی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی ہمیشہ یہ کوشش ہوتی ہے کہ بہتر امیدواروں کو سامنے لایا جائے تاکہ بہتر طور پر لوگوں کی خدمت ہو سکے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے ٹھیکوں میں گھپلوں کو وزیر مواصلات کے استعفے کی وجہ قرار دینے سے متعلق چھپنے والی خبروں کی سختی سے تردید کی اور ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر محمد حسین کو بھی پارٹی کی ہائی کمان کے کہنے پر وزارتی عہدے سے علیحدہ ہونا پڑا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||