| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی دفاتر کے قریب دھماکے
بغداد میں دریائے دجلہ کے مغربی کنارے پر واقع امریکی افواج کے صدر دفاتر کے قریب انتہائی زور دار دھماکے ہوئے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ دھماکے اس قدر زوردار تھے کہ ان سے بغداد کا وسطی علاقہ گونج اٹھا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے دھماکوں کے علاقے سے دھویں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز نے جائے وقوعہ پر موجود ایک محافظ کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس نے کم سے کم تین دھماکوں کی آواز سنی۔ رائٹر کا کہنا ہے کہ امریکی دفاتر کے قریب گولیاں چلنے کی آوازیں بھی سنی گئیں جس کے بعد دریائے دجلہ کا قریبی حصہ فوجی وفاتر سے پھینکی جانے والی تیز روشنی میں نہا گیا۔ آخری اطلاعات تک دھماکوں کے نتیجے میں ہونے والی کسی ہلاکت کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا اور نہ ہی امریکی حکام سے دھماکوں پر تبصرہ کرنے کے لیے رابطہ ہو سکا۔ چشم دیدی گواہوں کا کہنا ہے کہ انہوں ہنگامی حالات میں کام کرنے والی گاڑیوں کے سائرنوں کی آوازیں سنیں۔ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دھماکے امریکی دفاتر کے احاطے سے باہر اس مقام پر ہوئے جہاں عبوری انتظامیہ کے دفاتر ہیں۔ ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ ان دھماکوں میں اتحادی انتظامیہ کے تین افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک کو موقع پر ہی طبی امداد فراہم کر دی گئی جب کہ دو کو فوجی اسپتال لے جایا گیا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||