| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
پولیس کی شیرون سے پوچھ گچھ
اسرائیلی پولیس وزیرِ اعظم ایریل شیرون سے ان کے خاندان کے اقتصادی معاملات پر پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ اسرائیل کے نیشنل فراڈ سکواڈ کے افسر یروشلم میں ایریل شیرون سے تفتیش کے لئے ان کی سرکاری رہائش گاہ میں گئے۔ یہ ان کے دورِ حکومت میں پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ وزیرِ اعظم سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایریل شیرون نے بغیر کسی وکیل کے پولیس والوں سے خود ملنے کا فیصلہ کیا۔ خیال ہے کہ پولیس کی تفتیش دو چیزوں پر مرکوز ہو گی۔ پہلی یہ کہ ایریل شیرون اور ان کے دو بیٹوں، اومری اور گیلاد، کا 1999 کی انتخابی مہم کے دوران ناجائز طور پر اپنے ایک تاجر دوست سے 1.5 ملین ڈالر کا قرضہ لینا اور اسے انتخابی مہم پر استعمال کرنے کے بعد واپس دینا۔ پوچھ گچھ کے دوسرے پہلو کا مرکز ہے غلط اثر و رسوخ۔ خیال کیا جاتا ہے کہ جب ایریل شیرون وزیرِ خارجہ تھے تو انہوں نے اپنے بیٹے گیلاد کے ایک دوست کے ساتھ مل کر یونان میں ایک جائداد کی فروخت میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کیا تھا۔ تفتیش کرنے والے اس بات کی کھوج میں ہیں کہ کہیں کوئی فنڈز ناجائز طور پر استعمال تو نہیں کیے گئے یا ایریل شیرون کی حیثیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کوئی کاروباری معاہدے تو نہیں ہوئے۔ تفتیش کاروں نے بہت سے افراد سے پوچھ گچھ کی ہے جن میں وزیرِ اعظم کے بیٹے بھی شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق گیلاد تفتیش کے دوران بالکل خاموش رہے۔ ایریل شیرون نے ایک بیان میں اس بات پر اصرار کیا ہے کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔ تاہم بعض اسرائیلی رائے عامہ کے تجزیوں کے مطابق بہت سے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ کہیں نہ کہیں کوئی غلط کام ضرور ہوا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||