| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
قریع فلسطین کے وزیراعظم رہیں گے
فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ یاسر عرفات نے وزیر اعظم احمد قریع سے ایک نئی حکومت بنانے کے لئے کہا ہے۔ فلسطینی وزیر خارجہ نبیل شات نے کہا کہ احمد قریع حکومت میں بنے رہنے پر آمادہ ہوگئے ہیں۔ ان کی ایمرجنسی کابینہ کی ایک ماہ کی معیاد منگل کو ختم ہو رہی ہے۔ غرب اردن میں یاسر عرفات کی تنظیم فتح کے ایک اجلاس کے بعد فلسطینی وزیر خارجہ نے صحافیوں سے کہا کہ نئی حکومت کی تشکیل اگلے ہفتہ تک مکمل ہو جائے گی اور اسے فلسطینی پارلیمان کو منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔ نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اس بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی تھی کہ آیا قریع وزیر اعظم کے عہدے پر رہنے پر آمادہ ہونگے بھی کہ نہیں، کیونکہ فلسطینی حفاظتی فورسز کے کنٹرول کے معاملے پر ان کے اور عرفات کے درمیان اختلافات ہو گئے تھے۔ احمد قریع سے سات اکتوبر کو ایک عبوری کابینہ کے سربراہ کے طور پر عرفات نے حلف لیا تھا۔ تاہم صرف دو روز بعد انہوں نے اپنے عہدے سے دست براد ہونے کی دھمکی دی تھی کیونکہ کابینہ کو پارلیمان کی طرف سے منظوری میں خلل پڑ گیا تھا۔ ستمبر میں محمد عباس یا ابو مازن صرف پانچ ماہ تک وزیر اعظم کے عہدے پر رہنے کے بعد مستعفی ہوگئے تھے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||