| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
عالمگیریت پر کڑی نکتہ چینی
جنوبی افریقہ کے صدر تھابو ایمبیکی نے، جو ان دنوں سوشلسٹ انٹرنیشنل موومنٹ کی کانگریس کے سلسلے میں برازیل میں ہیں، عالمگیریت پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔ پیر کو کانگریس کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی طاقت، خواہ وہ سیاسی طاقت ہو، فوجی یا اقتصادی محض چند ہی ممالک یا اداروں کے ہاتھوں میں مرکوز ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کثیرالقومی اداروں کے مالی فیصلوں سے غریب ممالک میں پیدا ہونے اور بڑھنے والی غربت و بیروزگاری ان غریب ممالک میں معاشی بحران کا باعث بنتی ہے۔ اس موقع پر برازیل کے میزبان صدر لوئیز لولا ڈاسلوا نے بھی اپنی ایسی ہی تقریر میں کہا کہ ٹیکنالوجی اور ذرائع ابلاغ و ذرائع نقل و حمل کی ترقی سے بھی محض چند ہی لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔ منتظمین نے کانگریس میں سو سے زیادہ سیاسی جماعتوں کے چھ سو کے قریب مندوبین کی شرکت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کانگریس کے باون برس پرانے نعرے یعنی ’زیادہ بہتر سماج اور ایک زیادہ انسانی معاشرے کے قیام‘ کے لئے سماجی ناہمواریوں اور غربت کے خلاف جدوجہد میں مایوس نہیں ہیں۔ انیس سو ساٹھ اور ستّر کی دہائیوں میں اس تنظیم کے عروج کے زمانے میں اس تنظیم کے اجلاس بھرپور اور جوشیلے نظریاتی بحث و مباحثہ کا گڑھ رہے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||