| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
شہزادہ چارلس بھارت کے دورے پر
تختِ برطانیہ کے وارث، شہزادہ چارلس منگل سے بھارت کا نو روزہ دورہ شروع کر رہے ہیں جسکا بنیادی مقصد دونوں ملکوں کے مشترکہ تاریخی ورثے کو اجاگر کرنا اور نوجوانوں کی فلاح کے لئے جاری منصوبوں کو آگے بڑھانا ہے۔ دہلی اور ممبئی کے علاوہ ولی عہدِ برطانیہ راجستھان کا دورہ بھی کریں گے۔ دہلی میں وہ نادار عورتوں اور بچوں کی بہبود کے لئے قائم ایک مرکز کا جائزہ لیں گے اور ایک ایسے ٹرسٹ کا دورہ بھی کریں گے جو نوجوانوں میں کاروبار کا شوق ابھارنے کے لئے خود شہزادہ چارلس نے قائم کیا تھا۔ ممبئی میں وہ برطانیہ اور بھارت کے اشتراک سے بننے والی ایک فلم کی شوٹنگ دیکھیں گے اور ساحل پر ایک مشترکہ بحری مشق کا نظّارہ بھی کریں گے۔ راجستھان میں انکی توجہ کا مرکز دیہات میں بہم رسانیِ آب کے منصوبے ہونگے۔ اس دورے میں کمیلا پارکر شہزادے کے ہمراہ نہیں ہیں۔ یہ وہی خاتون ہیں جنکے باعث شہزادہ چارلس کی شہزادی ڈیانا سے ناچاقی ہو گئی تھی جو طلاق پر منتج ہوئی۔ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ سابقہ شاہی جوڑے کی باہمی رنجش کے ابتدائی آثار بھارت ہی میں ظاہر ہوئے تھے جب انیس سو بانوے میں آگرے کی سیر کرتے ہوئے شہزادی ڈیانا نے اکیلے تصویر اتروائی تھی اور پھر راجستھان میں ایک تقریب کے دوران جب چارلس نے انھیں چومنا چاہا تو ڈیانا نے منہ پھیر لیا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||