| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
جموں: پانچ ہلاک
بھارت کے زیرانتظام کمشیر میں حکام کے مطابق ایک حملہ میں تین شدت پسند اور دو سپاہی ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ چار دیگر افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دریائے چناب پر شدت پسندوں نے سکیورٹی فورس کے ایک دستے پر حملہ کیا اور دو سپاہیوں کو ہلاک کر دیا۔ سکیورٹی فورس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی میں تین شدت پسندوں کو ہلاک کردیا گیا جن میں سے دو کی لاشیں مل گئی ہیں جبکہ تیسری لاش کو تلاش کیا جا رہا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق رات کو تقریباً تین بجے تین شدت پسندوں نے جموں پٹھان کوٹ ہائی وے پر ایک گاڑی روکی اور اس میں سوار تین افراد کو گولی مار کر زخمی کرکے گاڑی چھین لی۔ جب یہ تینوں شدت پسند چھینی جانے والی گاڑی میں سوار جموں کی جانب آئے تو وہاں انہوں نے بندوق کے زور پر ایک اور گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا اور اس کے ڈرائیور کو راجوڑی کی جانب چلنے کا حکم دیا۔ جب یہ افراد اکھنور کے اہم پل پر پہنچے تو وہاں تعینات سکیورٹی اہلکاروں نے معمول کی تلاشی کی غرض سے اس گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا۔ تاہم شدت پسندوں نے ان پر گولی چلادی۔ ایک اور حملہ رات کو جموں سے دہلی جانے والی ٹرین پر کیا گیا جس کی وجہ سے کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں اور ریلوے لائین پر آمد و رفت معطل ہوگئی۔ تاہم کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||