| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
زرداری کے خلاف درخواست واپس
لاہور میں ایک سرکاری وکیل نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے شوہر آصف زرداری کی ضمانت کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں دائر سرکاری درخواست واپسلی ہے۔ لاہور کی عدالت عالیہ کے دو رکنی بینچ ، جو جسٹس جاوید بٹر اور جسٹس مزمل خان پر مشتمل تھا، کے سامنے سرکاری وکیل اقبال بھٹی نے بیان دیا کہ وہ منشیات کے مقدمہ میں آصف زرداری کی ضمانت کے خلاف دائر درخواست واپس لینا چاہتے ہیں۔ اس کے بعد عدالت عالیہ نے ضمانت کی منسوخی کا مقدمہ نپٹا دیا۔ آصف زرداری کے وکیل خرم کھوسہ نے بی بی سی کو بتایا کہ پانچ سال پہلے آصف زرداری پر سابق وزیراعظم نواز شریف کے زمانے میں منشیات سمگل کرنے کا ایک مقدمہ لاہور میں درج کیا گیا تھا۔ اس مقدمہ میں لاہور کے سیشن جج نے دسمبر سن دو ہزار ایک میں آصف زرداری کی ضمانت لے لی تھی جس کی منسوخی کے لیے حکومت نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ سرکاری وکیل نے درخواست سے دستبردار ہونے کی کوئی واضح وجہ نہیں بتائی۔ منشیات کی سمگلنگ کے اس مقدمہ کو اینٹی نارکوٹکس فورس کے بجائے لاہور پولیس نے درج کیا تھا۔ اس مقدمہ میں پولیس نے ایک شخص عارف بلوچ کو ٹیلی ویژن چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کیا اور بعد میں کہا کہ اس ملزم نے تفتیش کے دوران میں آصف زرداری کے ساتھ مل کر ملک سے منشیات کی اسمگلنگ کی تھی۔ تاہم ملزم عارف بلوچ نے پولیس کے خود سے منسوب اس بیان کو غلط قرار دیا تھا۔ یہ مقدمہ کئی سال سے لاہور کی سیسشن عدالت میں چل رہا ہے لیکن اس میں ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||