| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایڈز: سستے علاج میں کلنٹن کا ہاتھ
سابق امریکی صدر بل کلنٹن نے دواء ساز کمپنیوں کو ایڈز کی ادویات سستے داموں فروخت کرنے پر آمادہ کیا ہے۔ ہندوستان اور جنوبی افریقہ میں کام کرنے والی چار دواء ساز کمپنیوں کے ساتھ ہونے والے ایک معاہدے کے تحت ایڈز کے مریضوں کو ادویات اب ایک تہائی قیمت پر فروخت کی جائیں گی۔ ایڈز کی سستی دواؤں کے بارے میں ہونے والا یہ معاہدہ ولیم جے کلنٹن صدارتی فاؤنڈیشن کے مشیروں اور دواء ساز کمپنیوں کے درمیان ہونے والی گفت و شنید کا نتیجہ ہے۔ اس معاہدے کے تحت ایڈز کی دواء کی ڈیڑھ ڈالر پر فروخت ہونے والے خوراک کی قیمت اب چالیس سینٹ ہوگی۔ اب جزائر غرب الہند کے نو ملکوں سمیت موزمبیق، روانڈا، جنوبی افریقہ اور تنزانیہ میں ایڈز کے مریض سستے داموں ادویات حاصل کر سکیں گے۔ اس موقع پر سابق امریکی صدر کلنٹن نے کہا کہ اس معاہدے کے بعد ان جگہوں پر بھی ایڈز کے مریضوں کا علاج ہو سکے گا جہاں آج تک نہ تو کوئی دوا تھی اور نہ ہی امید کی کوئی کرن۔ انہوں نے کہا کہ سن دو ہزار آٹھ تک ایڈز کے بیس لاکھ مریضوں تک اس معاہدے کے ثمرات پہنچ جائیں گے۔ ایڈز کے مریضوں کو ادویات کی فراہمی غریب ملکوں میں ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔ اسی وجہ سے جنوبی افریقہ میں ایڈز کے چالیس لاکھ مریضوں میں سے صرف پچاس ہزار کی ادویات تک رسائی ہے۔ ایڈز کی روک تھام کے لئے کام کرنے والی تنظیموں نے اس معاہدے کو ایک بہت بڑی پیش رفت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے لاکھوں انسانی جانوں کو بچانے میں مدد ملے گی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||