| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
کوسوو: جنگی جرائم کی فرد جرم
سابق یوگوسلاویہ میں جنگی جرائم کے اقوام متحدہ کے کمیشن نے سرب فوج اور پولیس کے چار اعلیٰ افسروں کے خلاف کوسوو میں جنگی جرائم کی فرد جرم عائد کردی ہے۔ ان میں یوگوسلاو فوج کے سابق چیف آف سٹاف نبوجسا پیکووچ اور سربیا کی پبلک سکیورٹی سروس کے موجودہ سربراہ سریٹن لوکچ بھی شامل ہیں۔ ہیگ میں قائم کمیشن کی وکیل استغاثہ کارلا ڈیل پونٹے نے بی بی سی کو بتایا کہ انیس سو اٹھانوے اور ننانوے میں کوسوو کے البانوی نسل کے افراد کے قتل اور ان کی شہر بدری کے الزامات ان لوگوں پر عائد کۓ گۓ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جب اس ماہ کے شروع میں یہ فرد جرم سرب وزیراعظم کے سامنے پیش کی گئی تو انہیں نے اسے قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ کارلا ڈیل نے بتایا ہے کہ مطلوبہ افراد کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے۔ جنوب مشرقی یورپ میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ یہ فرد جرم ایک ایسے وقت میں عائد کی گئی ہے جو سرب حکومت کے لئے بہت کڑا ہے کیونکہ آئندہ ہفتے اس کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش ہونے والی ہے۔ مبصر کہتے ہیں کہ ایسے وقت میں ان افراد کی گرفتاری سے حکومت کی مقبولیت میں کمی آنے کا خدشہ ہے۔ اس خانہ جنگی کے دوران کوسوو کے آٹھ لاکھ البانوی باشندوں کو بے گھر کر دیا گیا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||