| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
غزہ: جنازوں میں ہزاروں شریک
غزہ میں اسرائیلی جنگی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کے حملوں میں ہلاک ہونے والے دس فلسطینیوں کے جنازوں میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ہے۔ فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے سات افراد راہگیر تھے جو میزائل سے تباہ ہونے والی کار کو دیکھ رہے تھے۔ فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں فلسطینی شدت پسند تنظیم حماس کے دو ارکان بھی شامل ہیں۔ اسرائیل فوج کی ترجمان کا کہنا ہے کہ انہیں افسوس ہے کہ حملے میں عام شہری ہلاک ہوئے تاہم انہوں نے کہا اسرائیل کے حملوں سے بھاگنے والے شدت پسند جان بوجھ کر شہری آبادی میں چلے جاتے ہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ یہ حملے دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائی کے حصہ ہیں۔
فلسطینی انتظامیہ نے ان حملوں کی مذمت کی ہے۔ یہ حملہ گزشتہ روز ایک کار پر حملہ میں تین اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد شروع ہوئے تھے۔ غزہ میں عینی شاہدین نے بتایا تھا کہ اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے غزہ کے ایک گھر پر بمباری کی ہے۔ غزہ شہر کے مشرقی حصے میں ایک زبرد دست دھماکہ ہوا اور اوپر سے اسرائیلی فوج کے کئی ایف سولہ جنگی طیارے اڑتے ہوئے نکل گئے۔ کچھ اطلاعات کے مطابق اسلامی جہاد تنظیم کے ایک رہنما عبد اللہ شامی کی رہائش گاہ کو اس حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ اسلامی جہاد نے حیفہ میں ہونے والے بم حملے کی ذمہ داری قبول تھی۔ اس حملے میں بیس اسرائیلی ہلاک ہوئے تھے۔ اسرائیلی فوج اسرائیل کو مطلوب شدت پسند عناصر کے خلاف کئی ایسے فضائی حملے کر چکا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||