| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
غزہ میں فلسطینیوں کے گھر تباہ
غزہ کے علاقے میں اقوامِ متحدہ کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ علاقے پر اسرائیل کے تازہ ترین حملے کے دوران کوئی ڈیڑھ ہزار فلسطینیوں کے گھر تباہ کر دئیے گئے ہیں۔ فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے قائم اقوامِ متحدہ کی ایجنسی کے سربراہ پیٹر ہینسن نے رفاہ کیمپ کی حالتِ زار کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ یوں لگتا ہے جیسے وہاں کوئی زلزلہ آ گیا ہو۔ فلسطینیوں نے علاقے کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے اور بتایا ہے کہ وہاں سڑکوں کے علاوہ پانی اور بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو چکا ہے۔ ’آپریشن روٹ کنال‘ کہلانے والا یہ حملہ جمعرات کی شام کو شروع کیا گیا تھا اور اس میں اسرائیل فوج کو ٹینکوں اور ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی حاصل تھی۔ اس آپریشن کے دوراں آٹھ فلسطینی جن میں ایک آٹھ سالہ اور ایک پندرہ سالہ بچّہ بھی شامل تھے ہلاک ہو گئے تھے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے کیمپ میں تین سرنگوں کا سراغ لگایاہے لیکن اسے کوئی اسلحہ نہیں ملا۔ فوج نے اعلان کیا ہے کہ وہ فلسطینی شدّت پسندوں اور سمگل شدہ اسلحے کی تلاش میں اس طرح کے حملے مستقبل میں بھی جاری رکھے گی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||