| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق سے فوج کے انخلاء کا مطالبہ
اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے سربراہ نے کہا ہے عالمِ اسلام کی ترجیح عراق سے امریکی فوج کا انخلاء ہے۔ ستاون اسلامی ممالک کے نمائندے او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کے لئے ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں جمع ہیں۔ یہ اجلاس تین برس قبل منعقد کئے گئے او آئی سی کے اجلاس کے بعد مسلمان ممالک کا سب سے بڑا اجتماع ہے۔ تنظیم کے سیکٹری جنرل عبدالاحد نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ اسلامی دنیا اس وقت شدید دباؤ میں ہے، اسے مشکل ترین چیلنجوں کا سامنا ہے اور مسلم ممالک کی سالمیت کو خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عراق سے بیرونی افواج کو واپس بلایا جائے تاکہ اقوامِ متحدہ موثر طور پر عراق کی تعمیرِ نو کے لئے کردار ادا کرسکے۔ اجلاس میں امریکہ کی متعین کردہ عراقی حکمراں کونسل کے نمائندوں نے متنبہ کیا کہ اگر ہمسایہ ممالک کی افواج کو بطور امن افواج عراق میں تعینات کیا گیا تو اس سے ملک میں عدم استحکام مزید بڑھے گا۔ عراقی کونسل پہلے ہی ترک فوج کی تعیناتی کی مخالفت کرتی رہی ہے۔ دریں اثناء، اجلاس میں شام کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ اجلاس میں ایک قرار داد منظور کی جائے جس کے تحت شام پر اسرائیل کے حالیہ حملے کی مذمت کی جائے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسرائیل ، تین ممالک فلسطین، شام اور لبنان کے خلاف ریاستی دہشتگردی کا ذمہ دار ہے۔ اسرائیل نے چند ہی روز قبل شام کے دارالحکومت دمشق کے جنوب میں حملے کئے تھے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||