| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
شام پر پابندیاں لگانے کا مشورہ
امریکی کانگرس کی ایک اہم کمیٹی نے شام کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ عالمی تعلقات کی کمیٹی نے شام پر الزام لگایا ہے کہ وہ بین الاقوامی دہشت گردی کی حمائت کر رہا ہے اور مہلک ہتھیار بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ شام ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔ شام کی امریکہ کے ساتھ تجارت نہ ہونے کے برابر ہے تاہم امریکہ کی طرف سے شام کے خلاف پابندیاں عائد کئے جانے کے بعد شام میں امریکی سرمایہ کاری نہیں ہو سکے گی۔ واشنگٹن میں بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق بش انتظامیہ ان پابندیوں کی حمایت کر رہی ہے اور انھیں جلد ہی قانون کی حیثیت دے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسودہ قانون جو کہ اس وقت کانگرس میں زیر بحث ہے امریکہ کی شام کے خلاف سخت پالیس کا آئنیہ دار ہے۔ امریکہ کے ایوان نمائندگان کی کمیٹی نے تینتیس کے مقابلے میں دو ووٹوں سے ان پابندیوں کے لگائے جانے کے حق میں فیصلہ کیا۔
وائٹ ہاوس کے ترجمان نے کہا ہے کہ شام کو اپنا رویہ بدلنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ شام دہشت گردوں کو پناہ دے رہا ہے۔ عراق پر امریکی حملے کے بعد شام پر یہ الزام بھی عائد کیا جاتا رہا ہے کہ وہ صدام حسین حکومت کے بھگوڑوں کو پناہ دے رہا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||