| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایڈز کا خطرہ شدید ہے، اقوام متحدہ
انسانی آبادی کے بارے میں اقوام متحدہ کے فنڈ نے پرزور اپیل کی ہے کہ ایچ آئی وی اور ایڈز کے خطرے کو مزید سنجیدگی سے تسلیم کیا جائے۔ اپنی تازہ ترین رپورٹ میں، فنڈ نے کہا ہے کہ ہر چودہ سیکنڈ میں ایک نوجوان اس مرض میں مبتلا ہو رہا ہے۔ رپورٹ نے نشاندہی کی ہے کہ ایڈز کے خطرے سے دنیا ایک ایسے وقت پر دوچار ہے جب دنیا کی آبادی کا پانچواں حصہ دس اور انیس برس کی عمر کے افراد پر مشتعمل ہے۔ دنیا کی آبادی کا ایک بڑا حصہ ترقی پذیر ممالک میں رہتا ہے جہاں انہیں بھوک، شدید غربت اور ایچ آئی وی ایڈز کے خطرات کا سامنا ہے۔ دنیا بھر میں ایچ آئی وی کے وائرس کے متاثرین کی تعداد چار کروڑ بیس لاکھ ہے۔ رپورٹ کے مطابق صورتحال کی اس سنگینی کے باوجود مختلف ممالک اس شدت کو پوری طرح محسوس نہیں کر رہے اور نوجوان نسل کو نقصان پنہچ رہا ہے۔ رپورٹ میں بہتر تعلیم، خاص طور پر لڑکیوں کے لئے تعلیم کے بہتر مواقع اور جنسی تعلق کے دوران استعمال ہونے والی حفاظتی اشیاء پر ان کی بہتر دسترس کی بھی اپیل کی گئی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||