| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان: میزائیل کا کامیاب تجربہ
پاکستان نے جمعہ کے روز تھوڑے فاصلے پر مار کرنے والے میزائل حتف۔III کا تجربہ کیا ہے۔ یہ حتف میزائیل جوہری مواد لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائیل حتف III کا تجربہ کامیاب رہا ہے۔ اسے ’غزنوی‘ کا نام دیا گیا ہے اور غزنوی میزائیلوں کے سلسلے کا یہ دوسرا تجربہ ہے۔ اطلاعات کے مطابق میزائل دو سو نوے کلومیٹر کے فیصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ ہمسایہ ممالک کو تجربہ سے قبل اس سے مطلع کردیا گیا تھا اور اس تجربہ کے وقت کا تعلق علاقے میں ہونے والی دیگر فوجی کارروائیوں سے نہیں ہے بلکہ یہ پاکستان کی اپنی دفاعی ضروریات کے پیشِ نظر طے کیا گیا تھا۔ پاکستان ٹیلیویژن کے مطابق یہ تجربہ اگلے چند روز میں کئے جانے والے تجربات کا آغاز ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے چھبیس مارچ کو بھارت کے کم رینج کے میزائیل کے تجربے کے اعلان کے چند لمحوں بعد ایسے ہی میزائیل کا تجربہ کیا تھا۔ سن انیس سو اٹھانوے میں پاکستان اور بھارت نے جوہری ہتھیاروں کے کئی تجربے کئے تھے جس کے بعد بین الاقوامی برادری کی جانب سے ان ممالک پر پابندیاں عائد کردی گئی تھیں۔ پاکستان نے یہ تجربہ ایک ایسے وقت پر کیا ہے جب ایک ہی روز بعد یعنی سینیچر کو امریکی نائب وزیرِ خارجہ رچرڈ آرمیٹج کا دورہ متوقع ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||