| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
انڈونیشیا کے تفتیش کار پاکستان میں
انڈونیشیا کے تفتیش کاروں کا ایک وفد کراچی پہنچا ہے جہاں وہ القائدہ کے مشتبہ رہنما ہنبلی کے بھائی رسمان گناون اور گرفتار کئے جانے والے دیگر انڈونیشیا کے افراد سے پوچھ گچھ کرےگا۔ ان طلباء کو گزشتہ ماہ کراچی کے ایک مدرسہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ پاکستان کی وزارتِ داخلہ کے ایک اعلیٰ اہلکار بریگیڈیئر جاوید اقبال چیمہ نے بتایا کہ یہ وفد کراچی پہنچ چکا ہے اور بدھ ہی سے پوچھ گچھ کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفد اسلام آباد کا دورہ بھی کرے گا۔ اطلاعات کے مطابق انڈونیشیا کے تفتیش کاروں نے کراچی میں ایک نامعلوم مقام پر پاکستانی حکام سے ملاقات کی ہے جو ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی۔ پاکستانی حکام نے گزشتہ ماہ ایک درجن سے زائد طلباء کو گرفتار کیا تھا جن میں سے چھ کا تعلق انڈونیشیا سے اور باقی کا تعلق ملائیشیا اور برما سے تھا۔ ان طلباء کو اسلامی شدت پسندوں سے تعلقات کے شک میں گرفتار کیا گیا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||