| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
پرمٹ یا کارڈ دکھائیں، جیون ساتھی لے جائیں
چینی حکومت نے اپنے عوام کے لئے شخصی اور ذاتی آزادی کی مزید گنجائش پیدا کرتے ہوئے شادی کے قوانین میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔ اب تک کے قوانین کی رو سے چینی نوجوانوں کے لئے شادی کے مرحلے سے گزرنا جوئے شِیر لانے سے کم نہ تھا کیونکہ انھیں شادی کی اجازت لینے کے لئے ایک طرف تو افسر شاہی کی ہفت اقلیم میں حاضری دینی پڑتی اور دوسری جانب دفتری ضابطوں اور طویل کاغذی کارروائیوں کے گورکھ دھندے سے گزرنا پڑتا لیکن سرخ فیتے کی یہ ساری الجھنیں سلجھا لینے کے بعد بھی شادی کی اجازت ملنا کوئی یقینی امر نہیں تھا۔ نئے قوانین کے مطابق کسی شخص کو شادی کے لئے اپنے افسر یا مالک سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہوگی اور نہ ہی طبی معائنہ لازمی ہوگا۔ محض اپنا شناختی کارڈ اور رہائشی پرمٹ دکھا کر شادی کی درخواست دی جا سکتی ہے چینی نوجوانوں کو یہ خوشخبری چین کے قومی دن کے موقعے پر ملی ہے اور اس نئی سہولت سے فوری استفادے کے لئے شنگھائی کے رجسٹریشن آفس میں بدھ کی صبح نوجوان جوڑوں کی ایک طویل قطار دیکھنے میں آئی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||