| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
سرگرم مسلمان کارکن گرفتار
امریکی مسلمانوں کے سرگرم کارکن عبدالرحمان العمودی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ وہ امریکی حکام سے خصوصی اجازت حاصل کئے بغیر لیبیا گئے تھے اور اس طرح انھوں نے لیبیا پر لگی پابندیوں کی خلاف ورزی کی تھی۔ واضح رہے کہ ان پابندیوں کی رو سے کوئی امریکی شہری نہ تو لیبیا کا سفر کر سکتا ہے اور نہ ہی اس ملک سے کوئی مالی لین دین کر سکتا ہے۔ بیرونِ ملک دورے سے واپسی پر عبدالرحمان کو ڈیلس ائر پورٹ پر گرفتار کر کے پیر کے روز ریاست ورجینا کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا جہاں امریکی امیگریشن سروس کے ایک خصوصی ایجنٹ نے عدالت کو بتایا کہ عبدالرحمان امریکہ میں قائم لیبیا کے سرکاری دفاتر سے ڈالر حاصل کر کے بیرونِ ملک پہنچاتے رہے ہیں۔ ایجنٹ نے بتایا کہ گزشتہ ماہ کی سولہ تاریخ کو لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈّے پر برطانوی ایجنٹوں نے ملزم کی تلاشی لی تو اس کے سامان میں سے تین لاکھ چالیس ہزار ڈالر کے نوٹ برآمد ہوئے جنھیں ملزم شام لے جانے کی کوشش کر رہا تھا۔ عبدالرحمان العمودی امریکی مسلمانوں کے جانے پہچانے لیڈر ہیں اور ’امیریکن مسلم کونسل‘ نامی تنظیم کے بانی ہیں جوکہ وہاں کے مسلمانوں میں سیاسی شعور پیدا کرنے اور انھیں امریکی سیاست کے بڑے دھارے میں لانے کی کوشش کرتی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||