| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
نوابزادہ نصراللہ سپرد خاک
اتحاد برائے بحالئی جمہوریت (آے آرڈی) اور پاکستان جمہوری پارٹی (پی ڈی پی) کے سربراہ اور قومی سیاست کے پیرِ کہن نوابزادہ نصراللہ خان کی نماز جنازہ اتوار کو ان کے آبائی گاؤں خان گڑھ میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں موجود افراد کے مطابق ملک کی اعلیٰ ترین سیاسی قیادت سمیت تقریباً پندرہ ہزار افراد سے شرکت کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیریئن کی مرکزی قیادت، مخدوم امین فہیم اور دیگر اعلیٰ عہدیدار، پاکستان مسلم لیگ (نواز گروپ) کے مخدوم جاوید ہاشمی سمیت تقریباً تمام اعلیٰ عہدیدار اور مسلم لیگ (قائداعظم) کے مرکزی صدر چوہدری شجاعت اور میاں اظہر سمیت صف اوّل کے کئی سیاستدانوں نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ نماز جنازہ جمیعت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے پڑھائی جو اسٹیڈیم گراؤنڈ میں ادا کی گئی۔ نمازجنازہ کے بعد مرحوم کو ان کے والدین کے پہلو میں سپردخاک کردیا گیا۔ نوابزادہ نصراللہ خان حزبِ اختلاف کی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنے کے لئے معروف تھے۔ وہ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی رات اسلام آباد کے ایک ہسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔ نوابزادہ نصراللہ خان طویل عرصے سے دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور کچھ ہی دن پہلے انہیں دل کا دورہ بھی پڑا تھا۔ نوابزادہ نصراللہ کی عمر پچاسی برس تھی۔ ان کی میت ہفتے کی علی الصبح اسلام آباد سے ان کے آبائی علاقے خان گڑھ روانہ کی گئی تھی۔ اپنی زندگی کے سیاسی سفر کے آخری حصے میں بھی وہ حزبِ اختلاف کے رہنما تھے اور جنرل پرویز مشرف کی حکومت کے خلاف مختلف جماعتوں کو متحد کرنے کے کام میں سرگرم تھے۔ ان کا آخری عہدہ اتحاد برائے بحالیِ جمہوریت کی سربراہی تھا۔ نوابزادہ نصراللہ خان اپنے مخصوص اندازِ فکر اور لہجے کی شائستگی کے باعث سیاست میں ایک منفرد مقام رکھتے تھے۔ اپنے حقے اور ترکی ٹوپی کو اپنی شخصیت کی ایک پہچان بنانے والے نوابزادہ نصراللہ خان کو شاعری سے بھی بہت شغف تھا اور اکثر پریس کانفرنسوں یا عوامی جلسوں میں وہ بر محل شعر سنانے میں اپنی مثال آپ تھے۔ نوابزادہ نصراللہ خان اکثر کہا کرتے تھے کہ یہ بات ان کے اطمینان کا باعث ہے کہ انہوں نے سرحدوں پر لڑنے کی بجائے سیاست میں پڑنے والے فوجی جرنیلوں کو عوامی رائے عامہ کا ہتھیار استعمال کرکے ہمیشہ شکست دی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||