| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
لشکر جھنگوی کے تین ارکان گرفتار
کراچی پولیس کے ایک افسر نے کہا ہے کہ لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے تین افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے بم برآمد کیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان دہشت گردی کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ ان افراد کو جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات نارتھ کراچی میں واقع ایک گھر سے گرفتار کیا گیا۔ ان کے نام حافظ سعید، فیض اللہ اور حامد مراد بتائے گئے ہیں۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے چھ دستی بم، تین پستول، سترہ ڈیٹونیٹر اور لشکر جھنگوی کے بارے میں تحریر مواد برآمد کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈیٹونیٹر لیٹربم یا چٹھی بم میں استعمال کیے جانے تھے۔ دستی بم ایک قریبی پارک میں چھپائے گئے تھے۔ لشکر جھنگوی کو پاکستان میں غیرقانونی تنظیم قرار دیا گیا ہے۔ حکام تنظیم کو اہل تشیع اور غیرملکی شہریوں پر حملوں کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔ امریکی صحافی ڈینیئل پرل کے قتل میں بھی لشکر جھنگوی کو ملوث قرار دیا جاتا ہے۔ لشکر جھنگوی کے بارے میں خیال ہے کہ اس کے اسامہ بن لادن کی تنظیم القاعدہ اور طالبان سے قریبی روابط تھے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||