| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
انضمام الحق کپتان نامزد
پاکستان کرکٹ بورڈ نے انضمام الحق کو جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لئے پاکستانی ٹیم کا کپتان مقرر کردیاہے۔ قیادت میں یہ تبدیلی راشد لطیف کی جگہ عمل میں آئی ہے جنہوں نے کپتان کے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔ انضمام الحق نے راشد لطیف پر میچ ریفری مائیک پراکٹر کی جانب سے پانچ ون ڈے میچوں کی پابندی کے بعد بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی تھی یہ سیریز پاکستان نے پانچ صفر سے جیتی تھی۔ راشد لطیف کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈکپ میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد نیوزی لینڈ کے دورے تک کے لئے کپتان مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن وہ بھی پاکستان کرکٹ کے روایتی میوزیکل چیئر گیم کی بھینٹ چڑھ گئے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم میں سن انیس سو ترانوے کے بعد سے اب تک قیادت میں اٹھارہ مرتبہ تبدیلی عمل میں آچکی ہے جبکہ سن انیس سو اٹھانوے سے اب تک کوچ کے عہدے پرگیارہ تبدیلیاں ہوچکی ہیں جس سے پاکستان کرکٹ میں موجود غیرمستقل مزاجی کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ انضمام الحق اس سے قبل نیوزی لینڈ کے دورے میں ایک ٹیسٹ کے لئے کپتان بنے تھے۔ وہ ٹیسٹ پاکستان ہارگیا تھا۔ گزشتہ سال اسی دورے کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین توقیر ضیا معین خان سے ناراض ہوگئے تھے تو انہوں نے انضمام الحق کو کپتان بنانا چاہا تھا لیکن انضمام الحق اسوقت یہ ذمہ داری لینے کے لئے تیار نہ تھے مگر اب انہوں نے کپتان بننا قبول کرلیا ہے اور کہا ہے کہ وہ یہ چیلنج نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔ انضمام الحق ورلڈ کپ میں مایوس کن پرفارمنس کے بعد ٹیم سے ڈراپ کردیے گئے تھے لیکن بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ان کی واپسی شاندار انداز میں ہوئی۔ انہوں نے ملتان ٹیسٹ میں پاکستان کی ڈرامائی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا پاکستان کرکٹ بورڈ نے راشد لطیف کو عام کھلاڑی کی حیثیت سے جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لئے اعلان کردہ سولہ کھلاڑیوں میں شامل کیا ہے۔ راشد لطیف نے انضمام الحق کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر عمدہ کارکردگی کے ذریعے ٹیم میں اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کرینگے۔ ون ڈے سیریز کے لئے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں انضمام الحق، یاسر حمید، محمد حفیظ ،یوسف یوحنا، یونس خان، فیصل اقبال، شعیب ملک، عبدالرزاق، راشد لطیف، شعیب اختر، محمد سمیع، عمرگل، شبیراحمد، ثقلین مشتاق، مشتاق احمد اورسلمان بٹ شامل ہیں مشتاق احمد کو کاؤنٹی کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر دو سال بعد دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ البتہ آل راؤنڈر اظہر محمود نظرانداز کردیئے گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم انتیس ستمبر کو پاکستان پہنچ رہی ہے اس دورے میں وہ پانچ ون ڈے اور دو ٹیسٹ کھیلے گی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |