منی پور: جھڑپ میں سات افراد ہلاک  | | ہلاک ہونے والوں میں چار راہگیر بھی شامل ہیں |
بھارت کی شمال مشرقی ریاست منی پور میں پولیس کا کہنا ہے کہ اتوار کی شب مشتبہ باغیوں اور نیم فوجی دستوں کے درمیان ہونے والی ایک جھڑپ میں ایک پو لیس والے سمیت سات افراد مارے گئے۔ پولیس کے مطابق سینٹرل پولیس ریزرو فورس کے سپاہی سگنو نامی ایک گاؤں کے تالاب سے پانی لے رہے تھے کہ اچانک تین نوجوانوں نے حملہ کر کے ان کی ایک رائفل چھین لی اور فائرنگ شروع کر دی جس سے ایک سپاہی موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی جس کی زد میں آکر چار راہگیر ہلاک ہو گئے۔ علاقے کے باشندوں نے پولیس پر اندھادھند اور وحشیانہ فائرنگ کا الزام لگاتے ہوئے ان کے دفتر کے باہر مظاہرہ کیا اور احتجاجاً پیر کی صبح تک اپنے ساتھیوں کی لاشیں نہیں اٹھائیں۔ |