| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
دھماکے کے بعد عملہ کم کرنے پر غور
اقوامِ متحدہ کے سیکٹری جنرل کوفی عنان نے کہا ہے کہ عراق میں اقوام متحدہ کے سابقہ دفتر کی عمارت کے قریب ایک گاڑی میں ہونے والے بم دھماکے کے بعد ادارہ عراق میں اپنی موجودگی کے حوالے سے حالات کا دوبارہ سے جائزہ لے رہا ہے۔ اس دھماکے میں دو افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے ہیں۔ امریکی فوج کے ایک ترجمان کے مطابق دھماکے میں حملہ آور اور ایک سیکورٹی گارڈ ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ دھماکہ عمارت کے باہر سڑک کے دوسری جانب کھڑی ایک گاڑی میں ہوا تھا۔ کوفی عنان نےاقوامِ متحدہ کے صدر دفتر میں ایک اجلاس میں شرکت سے قبل کہا کہ ادارے کے عراق میں کام کرنے کے لئے محفوظ حالات ضروری ہیں۔ جاء وقوعہ پر موجود اقوامِ متحدہ کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ اس بات کا امکان موجود ہے کہ اقوامِ متحدہ عراق میں اپنے کارکنوں اور دیگر اہلکاروں کو واپس بلانے کے بجائے ان کی تعداد کم کرنے پر غور کرے گا۔ گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی اس عمارت میں ایک تباہ کن بم دھماکے میں عراق میں اقوام متحدہ کے سربراہ سرجیو ڈمیلو سمیت بائیس افراد ہلاک ہوئے تھے۔ بغداد میں بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق خیال کیا جاتا ہے کہ گزشتہ حملے کے بعد سے یہ عمارت خالی تھی۔ یہ دھماکے امریکی فوج پر اس حملے کے محض ایک ہی روز بعد ہوا ہے جس میں تین امریکی فوجی مارے گئے تھے۔ بغداد میں بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق شہر بھر میں سیکورٹی کے وسیع انتظامات کے باوجود ایسے حملوں کو روکنا تقریباً نا ممکن نظر آتا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |