| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
برٹنی کا بھنگڑا
برٹنی سپیئر نے بھنگڑے کی مقبولیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سال کے آخر میں ریلیز ہونے والا اپنا نیا گانا بھنگڑے کی طرز پر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس گانے میں برٹنی بھنگڑے کی تال پر گاتی اور ناچتی ہوئی دکھائی دیں گی جسے برطانیہ کے ایشیائی پروڈیوسر رشی رچ نے ری مکس کیا ہے۔ رشی رچ کا اپنا نیا گانا نچنا تیرے نال اس مہینے برطانیہ کے ٹاپ ٹوینٹی میں شامل ہے۔
رشی اس سے پہلے کریگ ڈیوڈ، رکی مارٹن اور ویسٹ لائف کیلئے بھی گانے ری مکس کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ برٹنی کا گانا ان کے پاس ایک کمرشل پاپ کے طور پر آیا تھا اور زبردست تھا لیکن انہوں نے جو بنا کر واپس بھیجا ہے اس میں ایک عام گلی محلّے کا عنصر ہے اور ایشیائی اثرات بھی ہیں۔ برٹنی کے گانوں میں بھنگڑے کا عنصر ان کی موسیقی میں تازہ ترین تبدیلی ہے جو پاپ سے جنسیت کی شہزادی کا سفر پہلے ہی طے کر چکی ہیں۔ انہوں نے پچھلا ایک سال اپنے آپ کو پھر سے دریافت کرنے میں گزار اور کہا جا رہا ہے کہ اپنے اس نئے گیت کو سن کر وہ پہلے ہی سے خود کو چاند پر محسوس کر رہی ہیں۔
رشی رچ کا کہنا ہے کہ اگرچہ بھنگڑا برطانیہ میں پہلے ہی سے مقبول ہے لیکن اب امریکہ کی موسیقی کی صنعت بھی اسے دریافت کر رہی ہے۔ رشی رچ کا کہنا ہے کہ زیادہ نئی اور جدید موسیقی تبھی تخلیق ہو سکتی ہے اگر مصری، ہسپانوی یا ایشیائی موسیقی کا نئی موسیقی سے ملا پ ہو۔ اگرچہ بھنگڑے کی مقبولیت ہمیشہ برقرار نہیں رہے گی تاہم رشی رچ کہتے ہیں کہ انہیں اس کی کوئی فکر نہیں کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ انہیں یہی آتا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |