| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
فائر بندی کی پیشکش مسترد
اسرائیل نے فلسطین کی فوری فائر بندی کی پیشکش رد کر تے ہوئےاسے ’سیاسی چال‘ قرار دیا ہے۔ غیر معینہ مدت کے لئے فائر بندی کی یہ پیشکش یاسر عرفات کے سینئر مشیر جبریل رجوب کی جانب سے کی گئی تھی۔ فلسطین کے سیکورٹی کے مشیر جبریل رجوب نے اسرائیلی ریڈیو پر انٹرویو میں کہا تھا کہ فلسطینی رہنما یہ یقین دہانی کروا سکتے ہیں کہ فلسطین کی شدت پسند تنظیمیں فائر بندی پر عمل پیرا ہوں گی۔ تاہم اسرائیلی وزیرِ اعظم ایرئیل شیرون کے مشیر نے کہا ہے کہ اسرائیل ایک اور وقتی فائر بندی کے لئے راضی نہیں ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایسا کرنے سے فلسطینی تنظیموں کو منظم ہونے کا موقع ملے گا۔ منگل کے روز سلامتی کونسل ایک قرار داد پر رائے دہی کرے گی جس میں یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسرائیل عرفات کو ملک بدر کرنے یا انہیں کوئی نقصان پہنچانے سے گریز کرے۔ رملہ میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ فلسطین کی جانب سے یہ پیشکش پہلے بھی کی جاتی رہی ہے۔ دریں اثناء اسرائیلی فوجیوں نے غربِ اردن کے شہر ہیبرون کے ایک گاؤں میں ایک مشتبہ فلسطینی عسکریت پسند کو گولی مار کر ہلاک کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوجی، ٹینکوں اور ہیلی کاپٹروں کے ہمراہ فلسطینی گاؤں دورا میں گھس گئے اور اسلامی جہاد تنظیم کے ایک مبینہ رکن مجید ابو دوش کوگولی مار کر ہلا ک کردیا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |