| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہٹن انکوائری جرح شروع
منگل کے روز ہٹن انکوائری کمیٹی کے دوسرے مرحلے میں تحقیق کار جج لارڈ ہٹن کے سامنے ڈاکٹر ڈیوڈ کیلی کے اہل خانہ کے وکیل نے کہا کہ وزارت دفاع نے ڈاکٹر کیلی سے ناروا سلوک کیا۔ ہٹن تحقیقاتی کمیٹی ان اسباب کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے جو عراق کے لئے ہتھیاروں کے برطانوی ماہر ڈاکٹر ڈیوڈ کیلی کی موت پر منتج ہوئے۔ وزارت دفاع میں انٹیلیجنس کے ایک اعلی اہلکار مارٹن ہاورڈ نے اپنے اوپر ہونے والی جرح میں ناروا سلوک کے الزام کو بے بنیاد قرار دیا۔ اور کہا کہ حکومت نے کسی مرحلہ پر بھی ان کا نام خفیہ طور پر افشا کرنے کی کوشش نہیں کی۔
انکوائری کے سامنے ساٹھ سے زیادہ گواہ پیش ہوئے ہیں۔ اب دوسرے مرحلے میں کیلی کے اہل خانہ، بی بی سی اور سرکاری وکلاء ان گواہوں پر جرح کریں گے۔ اس سے قبل منگل کے روز انکوائری کمیٹی نے ڈاکٹر نکولس ہنٹ کا بیان سنا جنہوں نے ڈاکٹر کیلی کی لاش کا طبی معائنہ کیا تھا۔ ڈاکٹر ہنٹ نے انکوائری کو بتایا کہ ڈاکٹر کیلی کی بائیں کلائی پر پانچ زخم تھے جن کی نوعیت خود لگائے جانے والے زخموں کی سی تھی۔ اس کے علاوہ ان کے جسم پر کوئی اور زخم نہیں تھا۔ البتہ ان کے بدن پر موجود خراشیں اس بات کا پتہ دیتی ہیں کہ وہ جس مقام پر مردہ پائے گئے تھے وہاں تک وہ لڑکھڑاتے اور گھسٹتے ہوئے پہنچے ہوں گے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |