| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
عرفات کوہٹانے کی دھمکی پر بحث
اسرائیل کی طرف سے یاسر عرفات کو دی جانے والی موت کی دھمکی کی وسیع پیمانے پر مذمت کی گئی ہے اور مشرقِ وسطی کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی بحث جاری ہے۔ یاسر عرفات کو ملک بدر کرنے کے فیصلے کا اعلان اسرائیل کی کابینہ نے گزشتہ ہفتے کیا تھا جس کے بعد اسرائیل کے نائب وزیر اعظم عہود المارت نے انکشاف کیا کہ یاسر عرفات کو قتل کرنے کی ایک تجویز پر بھی کابینہ میں غور کیا گیا تھا۔ سلامتی کونسل نے فلسطین کی طرف سے پیش کی جانے والی ایک قرار داد پر جس میں اسرائیل کی مذمت کی گئی تھی جمعہ کو بحث شروع کی۔ دریں اثنا کونسل نے ایک متفقہ بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ یاسر عرفات کو ہٹانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے اور اس فیصلے پر کسی طور عمل نہیں ہونا چاہیے۔ سنیچر کو امریکی وزیر خارجہ نے مشرق وسطی کے دورے پر کہا کہ اسرائیل کو یاسر عرفات کو ملک بدر کرنے یا جان سے مارنے سے مسلمانوں میں غصہ پیدا نہیں کرنا چاہیے۔ سلامتی کونسل پیر کو اقوام متحدہ کے مشرق وسطی میں سفیر کی طرف سے مرتب کی جانے والی ایک رپورٹ پر غور کرئے گی جس کے بعد مشرق وسطی کی صورت حال پر عام بحث ہو گئی۔ اقوام متحدہ کے سفارتی ذرائع کے مطابق یہ قرار داد امریکہ کی طرف سے ویٹو کئے جانے کے خدشے کے پیش نظر کافی نرم رکھی گئی ہے تاہم یہ امید کی جا رہی ہے کہ امریکہ اس قرار داد پر رائے شماری میں حصہ نہیں لے گا۔ اس قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسرائیل کو فلسطین کے منتخب صدر یاسر عرفات کو ملک بدر کرنے یا جان سے مارنے سے بعض رہنا چاہیے۔ اس قرار داد میں غیر قانونی ہلاکتوں اور خود کش حملوں کی بھی مذمت کی گئی ہے۔ اسرائیل کے سفارت کار نے سلامتی کونسل پر منافقت کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ان کا ملک اس بحث سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اقوام عالم کو یاسر عرفات کی زیادتیوں سے آگاہ کرے گا۔ گزشتہ جمعرات اسرائیل کی سیکورٹی کابینہ نے یاسر عرفات کو اپنی پسند کے وقت اور طریقے سے راستے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا۔ یاسر عرفات کے ہزاروں حامیوں نے غرب اردن ،غزہ اور جنوبی لبنان میں سڑکوں پر آ کر یاسر عرفات کو اپنی حمایت کا یقین دلایا اور ان کو ہٹانے کی ہر سازش کو ناکام بنانے کا عزم کیا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |