| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
اگلے ماہ ہندوستان جاؤں گا: قصوری
پاکستان کے وزیر خارجہ خورشید قصوری نے کہا ہے کہ وہ وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کو سارک اجلاس میں شرکت کی دعوت دینے کے لئے اگلے ماہ ہندوستان جائیں گے۔ انہوں نے یہ بات نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو میں ایک بیان میں بتائی۔ مسٹر قصوری آئندہ سارک سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت کے لئے رکن ممالک کا دروہ کر رہے ہیں۔ وزیر خارجہ خورشید قصوری نے کہا ہے کہ سارک سربراہ اجلاس شیڈول کے مطابق جنوری میں ہی ہو گا۔ اس سے پہلے سارک سربراہ اجلاس اسی سال ہونے والا تھا لیکن ہندوستان کی طرف سے انکار کے بعد اجلاس کو ملتوی کر دیا گیا۔ وزیر خارجہ خورشید قصوری کے مطابق ہندوستان کی طرف سے ایسے اشارے ملے ہیں جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس بار ہندوستان سارک اجلاس میں شرکت کرے گا۔ مسٹر قصوری نے اس بات پر زور دیا کہ سارک ملکوں کے مابین تعاون رکن ملکوں کے داخلی استحکام کے لئے مددگار ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھوٹان اور مالدیپ کے رہنماؤں کو سارک اجلاس میں شرکت کی دعوت دینے کے لئے دونوں ملکوں کا بھی دورہ کریں گے۔ مسٹر خورشید محمود قصوری اپنے دورے کے اگلے مرحلے میں سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو روانہ ہو گئے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |