| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
دس عراقی پولیس اہلکار ہلاک
امریکی فوج نے عراق کے شہر فالوجہ کے قریب فائرنگ کر کے دس عراق پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق پولیس اہلکار کار میں سوار مسلح ڈاکوؤں کا تعاقب کر رہے تھے۔ جب وہ امریکی فوج کی طرف سے لگائے ہوئے ایک ناکے کے پاس سے گزرے تو فوج نے ان پر فائرنگ کر دی۔ عراقی عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پولیس پارٹی ایک نمبر پلیٹ کے بغیر سفید رنگ کی بی ایم ڈبلیو کار کا پیچھا کر رہی تھی جب اس پر فائرنگ کی گئی۔ امریکی فوج نے دونوں گاڑیوں جو نشانہ بنایا اور عینی شاہدین کے مطابق دونوں میں سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے۔ عربی ٹیلی ویژن چینل الجزیرہ کے مطابق امریکی فوجی چوکی کے قریب واقع اردن ریڈ کراس کے ہسپتال کو بھی امریکی فائرنگ سے نقصان پہنچا۔ امریکی فوج کے ہاتھوں پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی خبر عام ہونے کے کچھ ہی دیر بعد مشتعل عراقیوں کی ایک بڑی تعداد فالوجہ میں پولیس کے صدر دفتر کے سامنے جمع ہوگئی۔ امریکی فوج نے فائرنگ کے اس واقعہ پر ابھی تک کسی رد عمل کا اظہار نہیں کیا اور کہا ہے کہ اس بارے میں سامنے آنے والی اطلاعات کی تحقیق کر رہی ہے۔ اگر اس بات کی تصدیق ہو گئی تو یہ گزشتہ دو روز میں فرینڈلی فائر کا دوسرا واقعہ ہو گا۔ اس سے پہلے بدھ کے روز امریکی فوج کے ایک قافلے پر حملے کے بعد ایک عراق پولیس اہلکار کو ہلاک اور ایک کو زخمی کر دیا گیا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |